حافظ سلمان بٹ کی نمازِ جنازہ ادا، بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت

1058

لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما اور سابق رکن قوم اسمبلی حافظ سلمان بٹ کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔

حافظ سلمان بٹ کی نماز جنازہ دوپہر 2 بجے لاہور منصورہ میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے پڑھائی ۔ نماز جنازہ میں جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق، سکریٹری جنرل امیر العظیم، ڈاکٹر فرید پراچہ،لیاقت بلوچ، حافظ سلمان بٹ کے صاحبزادے جبران بٹ سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ سے سینیٹر سراج الحق نے حافظ سلمان بٹ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے صاحبزادے سے تعزیت کی اور مرحوم کے لیے مغفرت کی دعا فرمائی۔

حافظ سلمان بٹ 65 برس کی عمر میں لاہور کے نجی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل تھے جہاں وہ جمعرات کی شب انتقال کر گئے۔ حافظ سلمان بٹ طویل عرصے سے شوگر کے مرض میں بھی مبتلا تھے۔

جماعت اسلامی کے سینئر رہنما حافظ سلمان بٹ 17 جنوری 1956 کو لاہور میں پیدا ہوئے وہ دو بار رکن قومی اسمبلی رہے، وہ پہلی بار 1985اور دوسری بار 2002میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ وہ ایک بار رکن پنجاب اسمبلی بھی منتخب ہوئے۔

حافظ سلمان بٹ اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اور امیر جماعت اسلامی لاہور کے منصب پر بھی فائز رہے۔واضح رہے کہ حافظ سلمان بٹ کاشمارجماعت اسلامی کے جرأت مند رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ وہ ریلوے پریم یونین کے عرصہ دراز تک صدر رہے۔