ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل: موجودہ حکومت کرپٹ ترین ہے، مرتضیٰ وہاب

254

کراچی: مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ہی پی ٹی آئی کا اصل چہرہ ہے جبکہ پیپلزپارٹی ہمیشہ سے کہتی آرہی ہے کہ یہ حکومت کرپٹ ترین ہے، ماضی میں عمران خان خود ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی مثالیں دیا کرتے تھے۔

تفصیلات کے مطابق ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ آنے پر ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہناتھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پاکستان تحریک انصاف کا اصل چہرہ ہے جبکہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی اس رپورٹ نے پی ٹی آئی کی شفافیت کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب  کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے یہ کہتی آرہی ہے کہ یہ حکومت کرپٹ ترین ہے اور آج اس رپورٹ نے یہ ثابت کردیا ہے۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ آج ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے پیپلزپارٹی کے موقف کی بھی تائید کردی ہے اور کرپشن میں اضافہ اپوزیشن کی جماعتیں نہیں کہہ رہی بلکہ یہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی مصدقہ رپورٹ ہے۔

مرتضی وہاب کا کہناتھا کہ ماضی میں عمران خان خود ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی مثالیں دیا کرتے تھے اور اس سلیکٹیڈ حکومت نے دیانتداری کا صرف لبادہ اوڑھ رکھا ہے جبکہ ان کے کالے کرتوت اس رپورٹ نے واضح کردئیے ہیں اور پی ٹی آئی کی حکومت اے ٹی ایم کو فائدہ اور عوام کو نقصان پہنچاتی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کا مزید کہناتھا کہ یہ رپورٹ واضح کرتی ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو نوازنے کے بجائے اپنے اے ٹی ایمز کو نواز رہی ہے اور تحریک انصاف کی حکومت کے غلط فیصلوں کی وجہ سے عوام کا استحصال ہورہا ہے جبکہ موجودہ دور حکومت میں پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر نام خراب ہو رہا ہے۔

 مرتضی وہاب کا  کہناتھا کہ اس دور حکومت میں غلط اور کرپٹ فیصلوں کی وجہ سے چینی، ادوایات، گندم، پیٹرولیم سمیت کہیں اسکینڈلز منظر عام پر آئے جبکہ سلیکٹیڈ حکومت نے دیانتداری کا صرف لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔

دوسری جانب ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ترجمان پاکستان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کے دور میں پاکستان کرپشن میں 120 سے 124 ویں نمبر پر آگیا ہے اور یہ ہے صاف چلی شفاف چلی کی اصل حقیقت جبکہ 2019 کے مقابلے میں 2020 میں پاکستان میں کرپشن 4 درجے بڑھ چکی ہے اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے چینی، آٹا، ادویات، ایل این جی چوری پر مہر ثبت کر دی۔