عراقی انتخابات: سنی اکثریت صوبوں پر سیاسی جماعتوں کا دباؤ

345

شیعہ عراقی رہنما مقتدا الصدر نے کہا ہے کہ عراق میں کچھ “جماعتیں” انتخابی مفاد کے حصول کے لئے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے بہانے سنی اکثریت صوبوں پر “دباؤ” ڈال رہی ہیں۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق الصدر نے ٹویٹر پر انتباہ کیا ہے کہ سنی صوبے دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور اسی کو بہانہ بنا کر کچھ جماعتیں ان سے انتخابات میں فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔

الصدر کا کہنا تھا کہ کچھ سیاسی جماعتیں اس قسم کی انتخابی مہم سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں جس کا مطلب ہے کہ دہشت گرد مختلف علاقوں میں اپنی دہشت گردی کی کارروائیاں اس مہم کی وجہ سے اور تیز کرسکتے ہیں۔

الصدر نے انتخابات کو قانونی ، اخلاقی ، جمہوری اور انسانی بنیادوں پر مبنی ہونے ، تشدد اور لڑائی سے دور رہنے پر زور دیا اور عراق کی اراضی پر قبضہ کرنے والے اور دوسرے مقاصد حاصل کرنے والوں کی طرف بھی نشاندہی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ شرمناک ہے کہ سیاسی قوتیں انتخابات پر لڑ رہی ہیں جبکہ تمام صوبے غربت ، بھوک ، وبائی بیماری اور خوف کے بوجھ تلے زندگی بسر کرتے ہیں۔