ایران حملے کا جواب دینے سے دریغ نہیں کرے گا، ایرانی سفارتکار

465

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر ماجد تخت راونچی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کسی بھی حملے کے خلاف اپنا دفاع کرنے میں دریغ نہیں کرے گی اور اس کی قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی سفارت کار نے اسرائیلی چیف آف اسٹاف ، لیفٹیننٹ جنرل اییوو کوچاوی کے تبصرے کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل ایرانی جوہری پلانٹس کو نشانہ بنانے کے اپنے عملی منصوبوں کو تازہ دم کررہا ہے۔

اسرائیلی جنرل کے تبصرے پر ردعمل دیتے ہوئے راونچی نے کہا کہ اسرائیل یہ دعوی کرکے ایرانی جوہری پروگرام کے بارے میں جھوٹ پھیلارہا ہے اور اس سے مشرق وسطی کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے اصرار کیا کہ یہ مقبوضہ ریاست کے اپنے جوہری ہتھیاروں سے توجہ ہٹانا ہے جو واقعتاً پورے خطے کے استحکام کو خطرہ میں ڈال رہا ہے۔

راونچی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے اس طرح کے خطرات کے مقابلہ میں اپنی ذمہ داریوں کو نبھائے۔