کورونا: ترکی میں تعلیمی ادارے 15 فروری سے کھولنے کا فیصلہ

270

استنبول: ترکی میں فیس ٹو فیس تعلیمی سرگرمیاں 15 فروری سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ دوسری لہر کے بعد ترکی میں 20 نومبر سے اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز بند کر دیے گئے تھے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق  ترک وزیر تعلیم ضیا سلجوق کا کہناتھا کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہےکہ فروری کے وسط میں اسکول اور کالجز کو کھول دیا جائے گا۔

ترکی میں فیس ٹو فیس تعلیمی سرگرمیاں 15 فروری سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اسکول کھولنے سے 10 روز قبل ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں والدین اور اساتذہ سے مشاورت کی جائے گی۔

حکومت کے کورونا وائرس سائنٹفک ایڈوائزری بورڈ نے بھی وزارت تعلیم کو اسکول 15 فروری سے کھولنے کی اجازت دے دی ہے تاہم اب دیکھنا یہ ہےکہ کون کون  سے شہروں میں ابتدائی طور پر اسکول کھولے جائیں گے۔

دوسری جانب ترک حکومت آن لائن تعلیمی سرگرمیوں کو خیر باد کہہ کر اسکول اور کالجز کھولنا چاہتی ہے تاکہ طالب علم دوبارہ معمول کے مطابق اسکول حاضر ہو کر کلاسز اٹینڈ کریں۔

واضح رہے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے بعد ترکی میں 20 نومبر سے اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز بند کر دی گئیں تھیں جبکہ حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ 4 جنوری سے تمام تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں گے لیکن کورونا کیسز بڑھنے سے اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ 15 فروری سے تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کی جائیں۔

خیال رہے  ترک  کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  سات ہزار نئے کورونا وائرس کیسز رپورٹ کیے گئے جبکہ تازہ ترین اضافے کے ساتھ مریضوں کی تعداد 2.44 ملین سے تجاوز کر چکی ہے  تاہم کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے  ترک حکومت اور انتظامیہ سخت اقدامات کر رہی ہے۔