مصر: گرفتار شدہ سماجی کارکنان کی رہائی کیلئے ایمنسیٹی کی آن لائن مہم

231

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے گذشتہ روز ایک آن لائن مہم کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد مصر میں گرفتار شدہ سماجی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جانا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس مہم میں مصر میں 25 جنوری کے انقلاب کی 10 ویں سالگرہ منائی جائے گی جس نے سابق صدر حسنی مبارک کا تختہ پلٹا تھا۔

لندن میں قائم حقوق انسانی کی تنظیم نے ٹویٹر پر کہا کہ ،مصر میں 25 جنوری کو ہونے والے انقلاب کے دس سال بعد کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو اب بھی جیلوں میں رکھا جارہا ہے۔

اس میں مزید کہا گیا کہ ہم ایک ہفتہ تک مصر میں ان کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کے نام دیں گے اور مصری صدر عبد الفتح السیسی کو قیدیوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر بھی زور دیں گے۔

ایمنسٹی کا کہنا ہے کہ ہزاروں انسانی حقوق کے محافظ ، سیاست دان اور ناقدین کورونا وائرس وبائی بیماری کے پھیلنے کے باوجود مصر کی جیلوں میں نظربند ہیں۔

اس تنظیم نے مصری حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلا جواز نظربند افراد کو رہا کرکے جیلوں میں بھیڑ بھاڑ کو ختم کریں۔

واضح رہے کہ منگل کے روز مصری وزارت داخلہ نے یوم پولیس کے موقع پر 3 ہزار 22 قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا تھا لیکن یہ ظاہر نہیں کیا گیا تھا کہ اس فہرست میں سیاسی مخالفین بھی شامل ہیں یا نہیں۔