جرمنی میں کورونا پھر بڑھنے لگا، فضائی سفر پر پابندیوں کا امکان

270

برلن (رپورٹ: مطیع اللہ) جرمنی میں کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ سے بچنے اور متاثرین کی تعداد میں ایک بار پھر اضافے کی وجہ سے حکومت نے ایک بار پھر سخت پابندیاں نافذ کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق برلن حکومت عالمی وبا سے بچاؤ کے لیے ایک بار پھر دنیا سے کٹنے کی تیاریاں کررہی ہے۔ جرمن وزیر داخلہ نے اس سلسلے میں اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ کابینہ نے کورونا وائرس کے باعث ہوائی سفر پر پابندی لگانے پر غور شروع کردیا ہے۔ خصوصاً جن ریاستوں میں کورونا وبا کا پھیلاؤ زیادہ ہو رہا ہے، وہاں سخت پابندیاں نافذ کرکے فوری عمل کرایا جائے گا جب کہ دیگر ریاستوں میں بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ اندرون ملک سفر کو بھی محدود کردیا جائے گا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق یورپی یونین کے ممالک سے بھی آمد و رفت محدود کرنے کی تجویز سامنے آئی ہیں۔ دریں اثنا دارالحکومت برلن کے مشہور مقامی اسپتال بمبولٹ میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تشخیص ہونے کے بعد پورے اسپتال کو مریضوں کے لیے بند کرنے کے ساتھ تمام مریضوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے، جن کی تعداد 400 سے زائد بتائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً 17 ہزار سے زائد عملے کے افراد یا ملازمین کو بھی گھروں میں قرنطینہ اختیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔اسپتال کے ملازمین کو پبلک ٹرانسپورٹ چھوڑ کر ادارے کی جانب سے چلائی جانے والی شٹل سروس کے ذریعے آنے جانے کی اجازت ہوگی۔