قیام امن کیلئے 25 ہزار ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان، وزیر خارجہ

338

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملکی مالی مشکلات کے باوجود اقوام متحدہ قیام امن فنڈ کیلیے 25 ہزار ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا جبکہ یہ عہد بھی کیا ہے کہ دنیا میں قیام امن کیلئے  کاوشوں کیلئے ہماری جانب سے مدد جاری رکھنے کے عزم کو ظاہرکیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے قیام امن فنڈ کیلئے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قیام امن کیلئے پاکستانی دستوں نے دنیا کے 4 براعظموں میں 46 سے زائد امن مشنز میں حصہ لیا ہے جبکہ قیام امن کے بنیادی اصول  نیشنل اونرشپ  کو برقرار رہنا چاہئے اور اسی اصول کے مطابق قیام امن فنڈ کی سرمایہ کاری کے تمام فیصلوں کا تعین ہونا چاہئے تاہم اقوام میں پائیدار امن باہر سے مسلط نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر خارجہ نے قیام امن فنڈ کی حکمت عملی میں تنازعات سے بچاؤ کے ناگزیر پہلو پر توجہ دینے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنازعات ناانصافیوں اور عدم مساوات سے جنم لیتے ہیں، بنیادی انسانی حقوق کی پامالیاں، غیرملکی قبضے، نو آبادیاتی جبر سے تنازعات جنم لیتے ہیں، تسلط کا شکار لوگوں کو استصواب رائے کا حق نہ دینا بھی تنازعات کا باعث ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ زیادہ تر ترقی پذیر ممالک کی طرح پاکستان کورونا سے انتہائی بری طرح متاثر ہوا، عالمی وباء کے باعث پاکستان کا صحت عامہ کا نظام دباؤ کا شکار ہوا، ہماری معیشت متاثر ہوئی اور ہماری مالی گنجائش میں کمی واقع ہوئی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مالی مشکلات کے باوجود قیام امن فنڈ کو25ہزارڈالر عطیہ کررہےہیں، فیصلہ ہماری سیاسی، افرادی اور مالی مدد جاری رکھنے کے عزم کو عیاں کرتا ہے۔