کورونا ویکسین کیلیے ترکی، ایران اور ملائیشیا کے روس سے معاہدے

438

کورونا سے متاثرہ مزید ممالک نے اسپوتنک وی ویکسین کے حصول کے لیے روس سے معاہدے کر لیا۔

ترکی، ملائیشیا اور ایران بھی روس کی تیار کردہ کورونا ویکسین استعمال کریں گے جس کے حصول کے لیے ان ممالک نے روس سے معاہدے کیے ہیں۔

ترکی نے روس سے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت روسی دوا ساز کمپنی ترکی میں پلانٹ لگا کر مشترکہ طور پر ویکسین کی تیاری کرے گی۔

ترک فارماسیوٹیکل کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اوزترک اوران نے کہا کہ روس کی سپوتنک کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت سپوتنک کی تیار کردہ کورونا ویکسین ترکی میں تیار کی جائے گی تاہم اس کے لئے قانونی ضابطوں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران نے روس کی سپوتنک وی ویکسین کی منظوری دے دی ہے اور وہ اس کی درآمد اور تیار کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف کے ساتھ ایک میٹنگ میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسپوتنگ وی کو ہمارے صحت کے حکام نے رجسٹرڈ اور منظور کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں ہم امید کرتے ہیں کہ روسی ویکسین کی خریداری کے ساتھ ساتھ مشترکہ پیداوار شروع کی جائے گی۔

ادھر ملائیشیا اور روس کے مابین اسپوتنک وی کی خریداری کا معاہدہ طے پا گیا ہے، روس اپنی تیار کردہ ویکسین ملائیشیا کو فروخت کرے گا۔

ملائیشیا میں روسی سفیر نیل لیٹپوف کا کہنا ہے کہ معاہدے میں نہ صرف روسی ویکسین کی کھیپ شامل ہے بلکہ ملائیشیا میں ویکسین کی تیاری کے لیے سائنسی اور تحقیقی مرکز بھی قائم کیا جائے گا۔