وفاقی حکومت مردم شماری کے نتائج جلد جاری کرے ، سندھ ہائیکورٹ

247

 

کراچی (نمائندہ جسارت)سندھ ہائیکورٹ میں مردم شماری اور سندھ میں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق دائر درخواست میں وفاقی حکومت نے مردم شماری کے حوالے سے رپورٹ پیش کر دی۔ عدالت نے آئندہ مشترکہ مفادات کونسل میں نتائج کے حوالے سے فیصلہ کرکے نتیجہ جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 24فروری تک ملتوی کردی۔منگل کو جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے مردم شماری اور سندھ میں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی و دیگر کی درخواستوں کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے وفاقی حکومت کی جانب سے مردم شماری کے حوالے سے رپورٹ پیش کر تے ہوئے عدالت کو بتایا کہ مردم شماری کے نتائج کی کابینہ نے منظوری دے دی ہے اور معاملہ مشترکہ مفادات کونسل کے پاس ہے۔ دوران سماعت عدالت کا کہنا تھا کہ جب کابینہ نے منظوری دیدی ہے تو سی سی
آئی میں کیوں تاخیر ہورہی ہے؟دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مردم شماری کا تعلق بلدیاتی انتخابات سے نہیں ہے،جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے بعد ازاں عدالت نے آئندہ مشترکہ مفادات کونسل میں نتائج کے حوالے سے فیصلہ کرکے نتیجہ جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 24فروری تک ملتوی کردی۔