اسپیکر پنجاب اسمبلی سے پی ٹی آئی رکن کی وزیراعلیٰ پنجاب کی شکایت

205

 

لاہور (نمائندہ جسارت) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی خواجہ محمد دائود سلیمانی کی ملاقات، عثمان بزدار کی شکایت اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ خواجہ دائود سلیمانی نے چودھری پرویزالٰہی کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے 8 ماہ قبل اختلافات پیدا ہوئے تھے جس پر آپ نے صلح کروائی تھی اور گارنٹی دی
تھی، جو طے ہوا تھا سب کچھ اس کے الٹ ہو رہا ہے، کرپشن اور اقربا پروری عروج پر ہے، ڈکیتی، چوری کی وارداتیں پہلے سے بڑھ گئی ہیں، ڈی جی خان کی ساری انتظامیہ کسی کی بات نہیں سنتی، وزیراعلیٰ کو اقتدار میں آئے ڈھائی سال گزر چکے ہیں لیکن ہمارا معاملہ حل نہیں ہوا، 15 سے 20 ایم پی اے وزیراعلیٰ سے اختلاف رکھتے ہیں، اسپیکر ہونے کے ناطے آپ کا فرض ہے کہ ہماری داد رسی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اب جو بھی معاملات ہوں گے چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ ہوں گے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اس ساری صورتحال پر کہا کہ میں نے پہلے بھی سمجھایا تھا اب بھی سمجھانے کی کوشش کروں گا، اکیلے آپ ہی نہیں اور بھی بہت سے دوستوں کو شکایات ہیں۔