۔10 امیر ترین افراد دنیا بھر کیلئے کورونا ویکسین خرید سکتے ہیں‘ رپورٹ

279

نیروبی (انٹرنیشنل ڈیسک) کورونا وبا کے دوران جہاں دنیا بھر کو معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے وہیں دنیا کے 10 امیر ترین افراد نے مجموعی طور پر 540 ارب ڈالر کمائے ہیں۔ دنیا بھر میں غربت دور کرنے کے لیے کام کرنے والے ادارے آکسفیم کی رپورٹ کے مطابق کورونا وبا کے دوران دنیا کے 10 متمول ترین افرادکی مجموعی دولت میں 540 ارب ڈالرکا اضافہ ہوا ہے۔ آکسفیم کے مطابق اس رقم سے نہ صرف دنیا کے تمام افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جاسکتی ہے بلکہ انہیں وبا کے باعث غربت کی انتہائی سطح تک گرنے سے بھی بچایا جاسکتا ہے۔ آکسفیم کا کہنا ہے کہ ان ارب پتیوں کی کل دولت دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے حامل ممالک کے گروپ جی 20 کی جانب سے کورونا کے حوالے سے خرچ کی جانے والی رقم کے برابر ہے۔ ادارے نے حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ امیر ترین افراد پر عائد ٹیکس میں اضافہ کریں۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کی وبا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 10 کروڑ کے قریب پہنچ گئی ہے۔