پبلک ایڈ کمیٹی نے کم عرصے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، سراج الحق

168
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ضلع ملیر کے تنظیمی جائزے کے اجتماعات میں ذمے داران سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی نے کم عرصے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ، اس کام کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ، عوام کے مسائل کے حل کی کوششیں مزید تیز کی جائیں ، پبلک ایڈ کمیٹی نے اپنے کام کے ذریعے بہت سوں کے دل جیت لیے اور وہ طبقہ بھی پبلک ایڈ کمیٹی کی تعریف کر رہا ہے جو جماعت اسلامی کے ساتھ شدید نظریاتی اختلافات رکھتا ہے ۔ان
خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹریٹ کے دورے اور ذمہ داران کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکریٹری محمد اصغر ، امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی ، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امراء راجہ عارف سلطان ، عبدالوہاب ، سیکریٹری کراچی منعم ظفر خان ، ڈپٹی سیکریٹریز کراچی راشد قریشی ،عبدالرحمن فدا ، صدر پبلک ایڈ کمیٹی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ ، سیکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی ، عمران شاہد ، سیکریٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔ پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ نے کراچی کے گھمبیر مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی اور پبلک ایڈ کمیٹی کی خدمات پر مشتمل ڈاکومینٹری پیش کی ،جو مرکز اسلامی ، کے الیکٹرک ، نادرا ، پانی ، تعلیم و صحت ، پارکوں پر قبضے ،سانحہ بلدیہ ٹائون ، بحریہ ٹائون ، گلشن کنیز فاطمہ ،نیا ناظم آباد سمیت مختلف کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کے مسائل ، بارش متاثرین اور معذور افراد کے مسائل ، کراچی ریفرنڈم ،حقوق کراچی تحریک ، عوامی مسائل بیٹھک سمیت دیگر شہری و بلدیاتی مسائل کے حوالے سے پبلک ایڈ کمیٹی کی جدوجہد پر مشتمل تھی ۔ سراج الحق نے پبلک ایڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمات جماعت اسلامی کی پہچان ہے ، جس میں پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کا بہت اہم کردار ہے ، جو کام حکومت کے کرنے کے ہیں وہ پبلک ایڈ کمیٹی اور جماعت اسلامی کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ظلم اور جبر کا نظام ہے ، ہمارا قانون بھی ظالم کا ساتھ دیتا ہے ، یہاں پر کمزور طبقے پر ظلم ڈھایا جاتا ہے ۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ کراچی کے شہری و بلدیاتی مسائل کے حل کیلئے 4برس قبل پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کا قیام عمل میں لایا گیا ، شروع دن سے تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے جمہوری جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے اور کے الیکٹرک کے مسائل ،تانبا چوری ، اوور بلنگ اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر شہریوں سے لوٹ مار کے خلاف پبلک ایڈ کمیٹی نے جماعت اسلامی کے ساتھ ملکر کامیاب مہم چلائی ، اس دوران جماعت اسلامی کراچی کی قیادت کو گرفتار بھی کیا گیا، لیکن جماعت اسلامی اور پبلک ایڈ کمیٹی کی کے الیکٹرک کے خلاف آئینی، قانونی و جمہوری جدوجہد جاری رہی ، جس کی وجہ سے عوام کو بہت حد تک ریلیف ملا ، ہماری جدوجہد کی وجہ سے نیپرا نے کے الیکٹرک کے حوالے سے کراچی میں کئی سماعتیں کی ، جن میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ہمیشہ کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑاہے ۔علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ضلع قائدین اور ضلع ملیر کے علیحدہ علیحدہ اجتماعات میں بھی خصوصی شرکت کی ۔ جن میں امیر ضلع قائدین سیف الدین ایڈوکیٹ اور امیر ضلع ملیر محمد اسلام نے ضلع میں جماعت اسلامی کی دعوتی ، سیاسی و تنظیمی سرگرمیوں ، عوامی خدمات ، جے آئی یوتھ اور دیگر شعبہ جات کی رپورٹس اور اپنے اپنے ضلع کا سیاسی و سماجی جائزہ پیش کیا ۔ سراج الحق اور اجلاس میں شریک دیگر بالائی ذمہ داران نے مختلف سوالات کیے اور تجاویز و مشوروں سمیت اہم ہدایات دیں ۔ سراج الحق نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی اور نچلی سطح کے دیگر ذمہ داران پر زور دیا کہ جماعت اسلامی کی تنظیم اور دعوت کو مزیدوسعت دینے سیاسی و سماجی طور پر نچلی سطح تک منظم کرنے کے لیے بلاک کوڈز کی سطح پر تنظیم قائم کی جائیں ۔ ہر مردانہ نظم کے ساتھ حلقہ میں خواتین اور جے آئی یوتھ کو بھی لازمی منظم و متحرک کیا جائے ۔ علماء کرام سے بھی رابطے کیے جائیں اور مساجد کو دعوت کا مرکز و محور بنایاجائے ۔ سراج الحق نے اضلاع میں تنظیمی اور سیاسی طور پر کام میں وسعت اور پیش رفت پر ذمہ داران کی کوششوں کو تعریف کی اور جن شعبوں میں کمی پائی گئی ان کو بہتر کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ دعوتی و سیاسی میدان میں بڑی گنجائش اور بہتری کے مواقع موجود ہیں اور جو افرادی قوت اور وسائل دستیاب ہیں ان کو بہتر منصوبہ بندی اور موثر حکمت عملی کے ساتھ بروئے کار لایا جائے ۔ جماعت اسلامی کی دعوت ، مقصد اور نصب العین کو ہمیشہ نظر میں رکھا جائے ، جماعت اسلامی اقامت دین کی جدو جہد کے لیے قائم کی گئی ہے اور اس جدو جہد میں عوام کو اپنے ساتھ شریک کرانا ضروری ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری محمد اصغر ، امیر صوبہ محمد حسین محنتی ، کراچی کے نائب امراء ڈاکٹر اسامہ رضی ، عبد الوہاب ، راجہ عارف سلطان ،سیکریٹری کراچی منعم ظفر خان ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔ اجتماعات میں اضلاع کے سیکریٹریز ، نائب امراء جے آئی یوتھ سمیت دیگر شعبہ جات کے ذمہ داران اور ناظمین علاقہ جات نے شرکت کی ۔