پی پی کی حکومتی ارکان سے ملاقات پر ن لیگ کااحتجاج

191

اسلام آباد ( آن لائن)پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں دوریاں بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے اور پیپلز پارٹی کے وفد نے (ن) لیگ کو بتائے بغیر حکومتی وفد سے خفیہ ملاقات بھی کرلی جس پر (ن) لیگ میں شدید احتجاج اور ناراضگی ظاہر کی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ پارلیمان کی کارروائی سے متعلق حکومتی وفد سے بات ہوئی تھی اس کا پی ڈی ایم کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز (ن) لیگ کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے دوران اسپیکر کے چیمبر میں پیپلز پارٹی کے وفد نے حکومتی وفد سے ملا قات کی ہے ،پی پی وفد میں راجا پرویز اشرف،نوید قمر اور شازیہ مری شامل تھے جبکہ حکومت کی جانب سے پرویز خٹک اور عامر ڈوگر موجود تھے،اس پر ملاقات پر (ن) لیگ کے رہنماؤں نے شدید احتجاج کیا ان کا موقف تھا کہ طے ہوا تھا کہ بات چیت متحدہ اپوزیشن کرے گی تو پی پی وفد اکیلے کیوں ملاہے۔ذرائع نے بتایا کہ (ن) لیگ کے احتجاج پر پیپلز پارٹی نے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی وضاحتیں مسترد کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ پہلے مذاکرات کے دور میں طے ہوا تھا کہ پیر کو دوبارہ ملاقات ہوگی اس لیے ہم ملے۔