ایک تاجر نے بھی نیب کی وجہ سے ملک چھوڑا تو گھر چلا جاؤنگا‘ جاوید اقبال

322

اسلام آباد( آن لائن ) چیئر مین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ثابت ہو جائے کہ ایک تاجر نے بھی نیب کے خوف سے ملک چھوڑا تو گھر چلا جاؤں گا ، سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث امن و امان بحال ہوا، بدعنوانی کو دیکھ کر نیب آنکھیں بند نہیں کرسکتا، نیب پر سیاسی انجینئرنگ کا الزام لگانے میں کوئی صداقت نہیں، ہمارا سیاست سے کو ئی لینا دینا نہیں ۔ کسی شعبے میں بے جا مداخلت کی ہے نہ کریں گے۔ نیب نے اگر کسی کام میں رکاوٹ ڈالی ہے تو مجھے فہرست دیں ۔کرپشن اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔اصل بزنس مین اور ڈکیت میں فرق ہو تا ہے اصل بزنس مین کو ہم چھیڑتے نہیں ڈکیت کا کیس قانون کے مطابق دیکھتے ہیں۔تاجروں کے مفادات کا خیا ل رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے ، وفاقی دارالحکومت میں ایوان صنعت و تجارت میں ایک تقریب کے دوران تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ معیشت مضبوط ہو گی تو ملک مضبوط ہو گا ،ہمار ے ایک ہاتھ میں کشکول اور ہم اربوں ڈالر کے مقروض ہیں ، چیئرمین نیب کا عہد ہ عوامی خدمت کے لیے ہے ، پالیسی بنانے میں نیب کا کبھی کوئی کردار تھا نہ آئندہ ہو گا مربوط پالیسی چیمبر آف کامرس کو اعتماد میں لے کر بنائی جاتی ہے ملک میں امن قا ئم کرنے کا کریڈٹ پاک فوج کو جاتا ہے، ایک صاحب سے ڈھائی سال کے عرصے میں ڈھائی ارب کی رقم ریکور کی، حکومتین آتی جاتی رہتی ہیں ریاست ہمیشہ قا ئم رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نیب پرسیاسی انجینئرنگ کاالزام درست نہیں، نیب کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں، لوگ کہتے ہیں کہ نیب اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے لیکن میں کہتا ہوں کہ کرپشن اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وہ افراد جن کی جانب کوئی آنکھ اٹھا کر دیکھتا نہیں تھا نیب نے انہیں احتساب کے لیے بلایا۔ بدعنوانی کو دیکھ کر نیب آنکھیں بند نہیں کرسکتا، عوام رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری سوچ سمجھ کر کریں۔