نجی بجلی گھروں کو گیس بندش سے معیشت مفلوج ہوجائیگی‘ ن لیگ

145

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر نے کہا ہے کہ نجی بجلی گھروں کو گیس سپلائی بند کرنے سے ملکی معیشت مفلوج ہوجائے گی ،یکطرفہ حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہوئے ملکی صنعتی شعبے کے جائز مطالبے کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔منگل کو جاری بیان میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ 1100 نجی بجلی گھروں کو گیس سپلائی بند کرنے سے ملکی معیشت مفلوج ہو جائیگی۔ سستی بجلی کے بجائے حکومت زبردستی مہنگی بجلی سپلائی کرکے ملکی صنعت کو تباہ کردے گی۔انہوں نے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بغیر کلیدی فیصلہ کرنا آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔حکومتی فیصلہ ملکی صنعتی پیداوار اور برآمدات کے لیے سونامی ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ حکومتی فیصلہ پاور سیکٹر مافیاکے لیے سہولت کاری ہے۔کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی کا یکطرفہ فیصلہ حکومت کی مسلمہ نااہلی، نالائقی کا مظہر ہے۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ ہم ملکی صنعتی شعبے کے جائز مطابے کی بھرپور تائید کرتے ہوئے یکطرفہ حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔