سندھ چلڈرن ہسپتال کے وفد کا جماعت اسلامی سے اظہارتشکر

178

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ چلڈرن ہسپتال شادمان ٹائون کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ایک نمائندہ وفد نے ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری منعم ظفر خان ، نائب امیر راجہ عارف سلطان اور پبلک ایڈ کمیٹی کے سیکریٹری نجیب ایوبی سے ملاقات کی اور ہسپتال کی بندش ، ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کی کوششوں اور جد وجہد پر اظہار تشکر کیا ۔ وفد نے بتایا کہ جماعت اسلامی کی خصوصی توجہ اور جدو جہد کے باعث ہسپتال کی او پی ڈی بحال ہو گئی ہے ،ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت دیگر ملازمین کو 7ماہ کی تنخواہیں بھی مل گئی ہیں اور سندھ حکومت کی طرف سے فنڈز بھی جاری کیے گئے ہیں ۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے وفد کا خیر مقدم کیا اور یقین دہانی کرائی کہ جماعت اسلامی پہلے کی طرح آئندہ بھی ہسپتال کے ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کے ساتھ رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حقوق کراچی تحریک شروع کی ہوئی ہے اور ہماری پبلک ایڈ کمیٹیاں ہر سطح پر سر گرم عمل ہیں اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں ۔ جماعت اسلامی اپنی جد وجہد جاری رکھے گی ۔