پاکستان کپ،سیمی فائنل لائن اپ کمل سندھ پہلی پوزیشن پر

304

کراچی (اسٹاف رپورٹر/اے پی پی) ڈومیسٹک سیزن 2020-21 کے آخری ایونٹ کے فائنل فور کا فیصلہ ہوگیا ہے۔ کراچی میں جاری پاکستان کپ میں سندھ، خیبرپختونخوا، ناردرن اور سینٹرل پنجاب کی ٹیموں نے ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 29 جنوری کو سندھ اور سینٹرل پنجاب کے مابین کھیلا جائیگا۔ دوسرے سیمی فائنل میں خیبرپختونخوا اورناردرن کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ دونوں سیمی فائنلز اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ایونٹ کا فائنل 31 جنوری کو اسی گرائونڈ پر کھیلا جائے گا۔ایونٹ کے دسویں رائونڈ کے اختتام پرسندھ نے 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور خیبرپختونخوا نے 12پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی 2 ٹیموں سدرن پنجاب کے پوائنٹس کی تعداد 8 اور بلوچستان کے 6 رہے۔ منگل کو این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میںسینٹرل پنجاب نے سندھ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ طیب طاہر اور رضا علی ڈار کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سینٹرل پنجاب نے 278 رنز کا مطلوبہ ہدف 48.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سندھ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنر خرم منظور کی سنچری کی بدولت277رنز بنائے۔ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے 143رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ ان کی لسٹ اے کیرئیر کی 27ویں سنچری تھی۔ وہ اپنے لسٹ اے کرکٹ میں 27ویں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔تجربہ کار بیٹسمین اسد شفیق 85 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔سندھ کے خرم منظو رکو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اسی طرح یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے سدرن پنجاب کو 44 رنز سے ہرادیا۔ 338 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 46.3 اوورز میں 293 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ کپتان شان مسعود کے141 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ ناردرن نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔ روحیل نذیر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 23رنز سے ہرادیا ۔ بلوچستان کی پوری ٹیم 47 اوورز میں 347 رنز پر ہمت ہارگئی۔ اوپنر عمران فرحت نے اپنے کرکٹ کیرئیر کے آخری میچ میں 123رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔خیبرپختونخوا نے عادل امین اور محمد حارث کی سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 370 رنز بنائے۔ عادل امین نے121جبکہ محمد حارث نے 100رنز کی اننگز کھیلیں۔ خیبرپختونخوا کے عمران خان سینئر اور عادل امین کو پلیئرز آف دی میچ قرار دیا گیا۔