یاسر شاہ سے شاندار کارکردگی کی توقع ہے، معین خان

275

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کیسابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے بازمعین خان نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں تجربہ کار اسپنر یاسر شاہ سے شاندار کارکردگی کی توقع ہے،پچ سے ذرا سی بھی مدد ملی تو یاسر شاہ مہمان بیٹنگ لائن کومشکل میں ڈال سکتی ہے۔نجی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے معین خان نے کہاکہ بابر اعظم کو پلیئنگ الیون کی سلیکشن کا اختیار دینے کی رپورٹس سامنے آئی ہیں جو اچھی بات ہے، ٹیم آپ خود بناکر دیں تو کپتان کو جوابدہ قرار نہیں دیا جا سکتا، بابر اعظم پرفارمر ہیں،ان کیلیے موقع ہے کہ اتھارٹی کے ساتھ اپنی اہلیت منوائیں،امید ہے کہ وہ اس امتحان میں سرخرو ہوں گے اور ٹیم بھی بہتری کی جانب گامزن ہوگی،میں یہ بھی توقع کررہا ہوں کہ وہ کچھ وقفے سے میدان میں اترنے کے باوجود گزشتہ فارم برقرار رکھنے میں کامیاب ہوں گے۔ایک سوال پر سابق کپتان نے کہا کہ پروٹیز مضبوط حریف اور ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں،پاکستان ٹیم کے پاس تجربہ کم مگر ہوم کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کامیابی حاصل کرنا چاہیے،بیٹنگ مضبوط ہے اگر بولنگ بھی چل جائے تو سیریز جیت سکتے ہیں۔معین خان نے کہا کہ سازگار کنڈیشنز میں تجربہ کار یاسر شاہ کی بولنگ فارم واپس آ سکتی ہے،پچ سے ذرا سی بھی مدد ملی تو مہمان بیٹنگ لائن مشکل میں ہوگی، نیوزی لینڈ میں انھیں باہر بٹھاکر ظفر گوہر کو کھلانے کا فیصلہ غلط تھا۔