ٹیلنٹ ہنٹ ہاکی لیگ کے سیمی فائنلز آج کھیلے جائیں گے

251

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ٹیلنٹ ہنٹ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کی تیاری کے لیے وارم اپ ایونٹ کے دوسرے روز مزید 4 میچز کا فیصلہ ہوگیا، سیمی فائنلز لائن اپ مکمل، سیمی فائنل آج کھیلے جائینگے۔ پہلے میچ میں ڈسٹرکٹ کیماڑی نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کو 0-2 گول سے شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔دوسرے میچ میں ڈسٹرکٹ ساؤتھ نے ڈسٹرکٹ کورنگی کو 0-2 گول سے شکست دیکر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ تیسرا میچ ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کے مابین کھیلا گیا جو 1-1 گول سے ڈراء ہوگیا۔ پوائیٹس کی بنیاد پر دونوں ٹیموں کو سیمی فائنل میں ٹائٹل کے حصول کی جنگ میں اترنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ کی جانب سے شاہ زیب خان نے خوبصورت فیلڈ گول اسکور کیا جبکہ ڈسٹرکٹ ویسٹ کی جانب سے حماد ایاز سے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ چوتھا میچ ڈسٹرکٹ سائوتھ اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مابین کھیلا گیا جوکہ ایک سنسنی خیز مقابلہ کے بعد 1-1 گول سے ڈراء رہا۔ ڈسٹرکٹ سائوتھ کی جانب سے ایس بلال اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کی جانب سے شیخ وہاب نے گول اسکور کیا۔ راؤنڈ کا آخری میچ ڈسٹرکٹ کیماڑی اور ڈسٹرکٹ کورنگی کے مابین کھیلا گیا جوکہ ڈسٹرکٹ کیماڑی نے 0-3 گول سے جیت لیا۔ وارم اپ ایونٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی۔