کراچی چیمبر اپنا وفد ترکی بھیجے ،تولگا یوساک

361

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں تعینات ترکی کے قونصل جنرل تولگا یوساک نے کہا ہے کہ اپریل 2021 کے بعد کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری آنے کی امید ہے لہٰذا کراچی چیمبر کی تاجر برادری کو ترکش تاجروں کے ساتھ فوری طور پر آن لائن تبادلہ خیال کا آغاز کرنا چاہیے اور معیشت کے مختلف شعبوں میں تجارت و سرمایہ کاری کے تعاون کی مزید نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے کورونا وبا کے بعد کی صورتحال کے بعد ترکی میں تجارتی وفد بھیجنے کے امکانات کا جائزہ لینا چاہیے۔ یہ بات انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر صدر کے سی سی آئی شارق وہرا، سینئر نائب صدر ثاقب گڈ لک اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔ترکش قونصل جنرل نے کہا کہ تاجربرادری معیشت کے متعدد شعبوں باالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرسکتی ہے کیونکہ پاکستان کے سافٹ ویئر ہاؤس بہت اچھا کام کر رہے ہیں جبکہ سیاحت، تعلیم اور آٹوموبائل کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے اگرچہ بہت سارے پاکستانی طالبعلم تعلیم کے لیے ترکی آتے ہیںاسی طرح ترکش طلباء بھی آئی ٹی کی تعلیم کے لیے پاکستان آسکتے ہیں اور یہاں وہ اچھی انگریزی بھی سیکھ سکتے ہیں۔انہوں نے معیشت کے مختلف شعبوں میں مشترکہ شراکت داری کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ کراچی کے سی یو کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے ترکی ساحلی پٹی پر ٹرام سروس کے قیام میں بھی ترکی معاونت کرسکتا ہے جو کراچی کا امیج بدل کر رکھ دے گا اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے گا۔ترکش قونصل جنرل نے دونوں ملکوں کی تاجربرادری کے مابین دوطرفہ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ کراچی میں ترکی قونصلیٹ کا تجارتی سیکشن کراچی کی تاجروصنعتکار برادری کے ترکش تاجروں کے ساتھ تجارت وسرمایہ کاری کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے مکمل طور پر تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔