سندھ بھر میں گداگری کیخلاف مہم شروع کرنیکا اعلان

323

کراچی( رپورٹ: محمدانور ) حکومت سندھ نے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی ہدایت پر کراچی سمیت صوبہ بھر میں گداگروں کے خلاف منظم مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے اس مقصد کے تحت پولیس اور ایدھی ٹرسٹ سے بھی مدد لی جائے گی، مہم کے دوران جرائم میں ملوث گداگروں کو نا صرف گرفتار کیا جائے گا بلکہ ان کے کریکٹر کے بارے میں تحقیقات بھی کی جائے گی۔ یہ بات صوبائی سیکرٹری سوشل ویلفیئر روشن علی شیخ نے” جسارت” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بدھ کو بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ دیکھنے میں آیا ہے کہ گداگروں کی تعداد صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں روز بروز بڑھ رہی ہے‘ مہم کا مقصد معاشرے سے گداگری کی لعنت ختم کرنا ہے فقیروں کو روزگار حاصل کرنے کی غرض مختلف ہنر کی تربیت فراہم کرنا بھی ہے۔ پہلے مرحلے میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر بھیک مانگنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ روشن شیخ نے بتایا مہم کا آغاز آئندہ چند روز میں شروع کر دیا جائے گا‘ ابتدا کراچی کے ضلع جنوبی سے کی جائے گی بعد ازاں مہم کا دائرہ پورے سندھ تک پھیل جائے گا سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے مزید بتایا کہ گداگروں کو فوری گرفتار کرکے ضلع ملیر میں بنائے گئے خصوصی سینٹر منتقل کر دیا جائے گا‘ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گداگروں کے خلاف کارروائی خاتمے تک جاری رہے گی ۔