حکمرانوں نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا، محمد یوسف

238

کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی محمد یوسف نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پرسیوریج کا پانی جمع ہے ، شاہراہوں، سڑکوں، گلیوںاور محلوں میں سیوریج کا نظام تباہ کردیا گیا ہے،شہری اذیت کاشکار ہیں لیکن حکمرانوںکے کانوں پر جوں تک نہیںرینگتی،حکمرانوں نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شمالی کے تحت 4Kچورنگی پرچورنگی کی خستہ حالی کیخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کے ساتھ بے وفائی کی ہے ۔جماعت اسلامی عوام کا مقدمہ سڑکوں پر لڑرہی ہے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست کی ہے اور جب بھی عوام نے موقع دیا ہے ہمارے کارکنوں نے ہر قسم کے حرص ولالچ کوبالائے طاق رکھتے ہوئے خدمت کا حق اداکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے شہر کراچی میں سیاست خدمت اور قربانیوں کی ایک تاریخ رقم کی ہے،میئر عبداستار افغانی اور نعمت اللہ خان کی نظامات کا دور کراچی شہر کی تعمیر وترقی کا سنہرا دور ہے ،مگر آج کراچی شہر کا مینڈیٹ ایم کیو ایم،پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے پاس ہے یہ تینوں جماعتیں کراچی میں ایک دوسرے پر الزامات لگاکرسیاست کررہی ہیں ،کراچی سے کوئی بھی مخلص نہیں ہے۔ امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی محمد یوسف نے کہا ہے کہ 4Kچورنگی جو قاتل چورنگی میں تبدیل ہوگئی ہے، اور آئے دن حادثات کا باعث بن گئی ہے۔