چینی قونصل جنرل کا شہباز شریف کو جیل میں خط، کارکردگی کی تعریف

218

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو پاکستان میں چین کے قونصل جنرل لانگ دنگ بن نے الوداعی خط لکھ کر بطور وزیراعلیٰ پنجاب ان کی کارکردگی کی تعریف کی، ان کیلیے صحت و شادمانی اور کامیابی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے سی پیک کیلیے خدمات اور پاک چین دوستی کیلیے کاوشوں کو سراہا، ’’پنجاب اسپیڈ‘‘ کا خصوصی ذکر کیا۔ قونصل جنرل چین نے خط میں لکھا کہ 25 جنوری کو پاکستان میں اپنی ذمے داریوں کی تکمیل پر سبکدوش ہو رہا ہوں اور چین واپس جا رہا ہوں، آپ چین اور اس کے عوام کے دیرینہ دوست ہیں، بطور وزیر اعلیٰ پنجاب سی پیک منصوبے کیلیے آپ کے جوش و جذبے سے میں بے حد متاثر ہوا ہوں۔ آپ نے متاثر کن پنجاب اسپیڈ کے ساتھ نہ صرف سی پیک منصوبوں کی تعمیر کو عملی شکل دی بلکہ پاک چین دوطرفہ دوستی کو ایک نئی جہت دی، پاکستان مسلم لیگ(ن) حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں وہ ہمیشہ کیمونسٹ پارٹی چین کی دوست رہی ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے طور پر دونوں جماعتوں، دونوں ممالک اور دونوں اقوام کے درمیان دوستی کے فروغ کیلیے ہمیشہ کی طرح اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔