بیٹنگ لائن کی ناکامی کا سلسلہ جنوبی افریقہ کیخلاف بھی برقرار

1085

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے بلے بازوں کی ناکامی کا سلسلہ جنوبی افریقہ کیخلاف بھی جاری رہا، جنوبی افریقہ کے 220 رنز کے جواب میں قومی ٹیم کی پہلی 4 وکٹیں 27 رنز کے مجموعی اسکور پر ہی گرگئی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میںجنوبی افریقہ  نے  ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ابتدائی چند اوورز میں پاکستانی بالرز نئی گیند کے ساتھ لائن ولینتھ سے بالکل عاری نظر آئے اور 4 اوورز میں مہمان بلے بازوں نے 28 رنز جڑ دیے۔

پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 30کے مجموعی اسکور پر پہلا میچ میچ کھیلنے والے عمران بٹ نے سلپ میں شاندار کیچ لے کر ایڈن مرکزم کی اننگز کا خاتمہ کردیا جنہوں نے 13رنز بنائے۔راسی وین ڈر ڈوسن اور ڈین ایئلگر نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کراتے ہوئے اسکور کو 63 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں ڈوسن کی 17 رنز کی اننگز رن آئوٹ کی شکل میں اختتام کو پہنچی۔

فاف ڈوپلسیس اور ڈین ایلگر نے 45رنز کی شراکت قائم کی لیکن یاسر شاہ کے ہاتھوں ڈیو پلیسی کی اننگز اختتام کو پہنچی، انہوں نے 23 رنز بنائے، کپتان کوئنٹن ڈی کوک بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 15رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی وکٹ بن گئے۔

نعمان نے اپنے اگلے اوور میں ایک اور اہم وکٹ حاصل کرتے ہوئے 58 رنز بنانے والے ڈین ایلگر کو کپتاب بار اعظم کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ جس کے بعد جنوبی افریقی ٹیم کی وکیٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 220 کے مجموعی اسکور پر آل آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ  تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے جبکہ نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی نے 2، 2 جبکہ حسن علی نے ایک  وکٹ اپنے نام کی۔

جنیوبی افریقہ کی پہلی اننگز کے 220 رنز کے جواب میں پاکستان کی جانب سے عابد علی اور اپنا پہلا میچ کھیلنے والے  عمران بٹ نے اننگز کا آغاز کیا، مگر پانچویں اوور میں عابد علی 4 رنز بنا کر کیگسو ربادا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ پاکستان کو دوسرا نقصان ڈیبیو کرنے والے عمران بٹ کی صورت میں 15 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا وہ 9 رنز بنا کر ربادا کا ہی شکار بنے۔

اس کے بعد امید تھی کہ کپتان بابر اعظم سابق کپتان اظہر علی کے ہمراہ کوئی لمبی اننگز کھیلیں گے مگر پاکستان کو 26 کے مجموعی سکور پر اس وقت دھچکا لگا جب کپتان بابر اعظم بھی 7 رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر  ایل بی ڈبلیو  ہو گئے۔

پاکستان کو چوتھا نقصان 27 کے سکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب نائٹ واچ کی ذمہ داری نبھانے کیلئے آئے شاہین شاہ آفریدی کھاتہ کھولے بغیر نوریج کی گیند پربولڈ ہو گئے۔

پہلے روز کے کھیل کا جب اختتام ہوا تو اظہر علی  اور فواد عالم 5,5 کے انفراد سکور پر کریز پر موجود تھے اور پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 33 رنز بنائے ہیں۔