وفاقی وزیرتعلیم کا آن لائن امتحانات کیلیے ہایئر ایجوکیشن سے رابطہ

347

اسلام آباد: وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے آن لائن امتحانات کیلئے ہایئرایجوکیشن کمیشن سے رابطہ کرلیا۔

وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ایچ ای سی کو کہا ہے کہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سے رابطہ کیا جائے اور دیکھاجائے،خصوصی حالات میں کیاآن لائن امتحانات ممکن ہیں؟ یونیورسٹیوں کو دیکھنا ہوگا کہ کیا ان میں یہ تکنیکی صلاحیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی پیچھے نہیں رہنا چاہیے تاہم کچھ یونیورسٹیوں کے طلبہ آن لائن امتحانات کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن یقینی بنانا ہوگا آن لائن امتحان سے گریڈز بڑھانے کیلئےغلط فائدہ نہ اٹھایا جائے۔

یاد رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے سبب ملک بھر کے تعلیمی ادارے 2 ماہ تک بند رہے جبکہ اس دوران آن لائن کلاسوں کے ذریعے تعلیمی سلسلہ جاری رہا.

واضح رہے کہ 15 جنوری کو وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 18 جنوری سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ 18 جنوری سے نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعتوں میں تعلیمی سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا جبکہ پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت تک کی تعلیمی سرگرمیاں یکم فروری سے شروع ہوں گی۔ وفاقی وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ ہائر ایجوکیشن میں تعلیمی سرگرمیاں بھی یکم فروری سے بحال کی جائیں گی۔