بھارت کے یوم جمہوریہ پر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ

314

کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ بھارت کے 72 ویں یوم جمہوریہ پر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے جبکہ وادی میں جشن کے بائیکاٹ کے پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق حریت رہنماوَں نے کشمیریوں سے گھروں، دکانوں اور دیگرعمارتوں پر سیاہ پرچم لہرانے کی اپیل کردی جس کے بعد سری نگر سمیت متعدد علاقوں میں جشن کے بائیکاٹ کے پوسٹرز آویزاں کردیے گئے اور وادی میں کُل جماعتی حریت کانفرنس کے اپیل پر مکمل ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھارت کے 72 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان کا یوم جمہور کشمیری یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں جبکہ ہندوستان نے کشمیریوں سے ہر حق چھین رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیریوں سے سانس لینے کا حق بھی چھین رکھا ہے جبکہ بھارت نے حریت قیادت سمیت ہمارے ہزاروں نوجوانوں کو جیل میں بند رکھا ہے، یاسین ملک تہاڑ جیل میں قید ہیں اور ان کی جان کو بھی خطرہ ہے جبکہ شہیدوں کی لاشیں نہیں دی جاتی کہ ہم دفنا سکیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں آج 72 واں یوم جمہوریہ منایا جارہا ہے جبکہ بیشتر بھارتی یوم جمہور پر اپنی شناخت تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔