سوشل میڈیا رولزکیس ‘اٹارنی جنرل سے رپورٹ طلب

348

اسلام آباد (صباح نیوز)چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ لگتا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )نے سوشل میڈیا رولز بناتے ہوئے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت نہیں کی۔پیر کو سوشل میڈیا رولز کے خلاف دائر درخواستوں پر اسلام آبادہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان بیرسٹر خالد جاوید خان نے پیش
ہو کر عدالت کو بتایا کہ جو سوشل میڈیا رولز بنائے گئے ہیں یہ حرف آخر نہیں اور اس حوالے سے اسٹیک ہولڈرز سے تجاویز لینے کے لیے تیار ہیں اور ان رولز پر نظرثانی کے لیے بھی تیار ہیں، کسی پلیٹ فارم کو بند کرنا مسئلے کا حل نہیں، اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت کے بعد رپورٹ عدالت میں پیش کروں گا۔ اس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اٹارنی جنرل کی تجویز بڑی مناسب ہے اور اسٹیک ہولڈرز پی ٹی اے کے ساتھ مل کر مشاورت کریں اور مشاورت کے بعد عدالت کو 4 ہفتے کے بعد عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل سے 4 ہفتے میں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنے کے بعد رپورٹ طلب کر لی ۔