مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے،ڈاکٹر قادر مگسی

309

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہاکہ حکمران عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل نا کام ہوگئے ہیں۔ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسی کے نتیجے میں عوام بھوک اور بدحالی کا شکار ہورہے ہیں، مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے، غریب ایک وقت کی روٹی کیلیے پریشان ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے ترقی پسند ہائوس میں آنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو صاف پانی‘ تعلیم‘ صحت اور روز گار کے ساتھ امن وامان مہیاکریں لیکن وفاقی اور صوبائی حکومت دونوں ہی اس حوالے سے ناکام نظر آتی ہیں۔ اغوا‘ چوری ڈکیتی روزکا معمول بن چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ملک کے مسائل کا واحد حل جاگیردار حکمرانوں سے نجات ہے، اس ظلم کے نظام سے نجات کیلیے عوام قوم پرستوں کو ووٹ دے کر قوم پرست سیاست کو پروان چڑھائے۔ اس موقع پر ایس ٹی پی کے مرکزی رہنما قادر چنا‘ محمد علی ابڑو‘ نصرت حسین چنا‘ عاشق ودیگر بھی موجود تھے۔