سندھ میں فردوس شمیم نقوی سے بڑا بدتمیز اپوزیشن لیڈر آگیا‘ سعید غنی

269

کراچی(نمائندہ جسارت)وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی میں فردوس شیم نقوی سے بڑا بدتمیر اپوزیشن لیڈر آگیا ہے ، علی زیدی کسی ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور اس وقت وہ نارمل صورتحال میں نہیں ہیں،نیب اس وقت حکومت کا آلہ کار بنا ہوا ہے اور جو کوئی اس حکومت کو ٹف ٹائم دیگا وہ اس کے خلاف ریفرنس بنارہے ہیں۔ پیر کے روز کراچی پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد اور گلدستہ دینے کے دوران بات چیت اور بعد ازاں میٹ دی پریس سے بات چیت کرتے ہوئے علی زیدی کے حوالے سے مختلف سوالات کے جواب میں وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ میں تو پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ موجودہ نالائق، نااہل اور سلیکٹیڈ حکومت کے وزراء چول ہیں اور اس میں یہ صاحب مہا چول ہیں۔ علی زیدی کسی ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، اب شاید ان کو وفاقی کابینہ سے نکالنے کا دباؤ ہے یا سابق چیئرمین کے پی ٹی کے حوالے سے کچھ ذہنی دباؤ ہے۔ وہ وزیر اعلیٰ سندھ سے پوچھنے سے قبل پہلے اپنی اس کابینہ جس کا وہ حصہ ہیں اور اس وزیر اعظم سے ملک میں چینی اسکینڈل، گندم اسکینڈل، ادویات، پیٹرول، ایل این جی اور گیس اسکینڈل میں تمام رپورٹس کے منظر عام پر آنے اور ان میں ان کے وزیر اعظم سمیت کابینہ کے ارکان اور ان کے اے ٹی ایم کے ملوث ہونے کے باعث اس ملک کے 22 کروڑ عوام پر اربوں روپے کے بوجھ کا پوچھیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ چول وزراء اور ترجمانوں سے بھری ہوئی ہے اور جب وہ اپنی چول مار کر پھنس جاتے ہیں تو پھر اپنی جاہلانہ حرکتوں پر اتر آتے ہیں۔سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں جو زیادہ بدتمیزی کرتا ہے اس کو وزیر اعظم شیرو کا لقب دے کر شاباشی دیتے ہیں، سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے فردوس نقوی نے بدتمیزی کی بہت کوشش کی لیکن وہ حلیم عادل سے آگے نہیں پہنچ سکے تو ان کو مجبوراً استعفا دینا پڑا اور اب ان سے بڑا بدتمیز ان کی جگہ پر آیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ اسٹیل ملز آج بھی سندھ حکومت لینا چاہتی ہے اور اسے چلانا چاہتی ہے، وزیر تعلیم نے تعلیمی اداروں کے حوالے سے سوال پر کہا کہ یکم فروری سے تمام باقی مانندہ تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔