ٹنڈو آدم، بجلی صارفین کو درپیش مسائل پر کھلی کچہری جلد ہوگی

254

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) صارفین بجلی کو بہترین سروسز فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں، صارفین بجلی کی شکایت کے فوری ازالے کے لیے جلد ٹنڈو آدم حیسکو ڈویژن میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سپرنٹنڈنٹ انجینئر سرکل نوابشاہ نے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف انجینئر حیسکو حیدر آباد محمد یقوب کی ہدایت پر حیسکو صارفین کو درپیش مسائل کے پیش نظر کھلی کچہری کے عمل کو شروع کیا جارہا ہے، جہاں صارفین بلا خوف و خطر حیسکو افسران کو اپنی شکایت کو اندراج کراسکیں گے اور ان کی جائز شکایت پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف انجینئر حیسکو حیدر آباد کی اولین ترجیحات میں شامل ہے کہ متاثرہ صارفین کی جائز شکایت کو فوری حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ بجلی صارفین کو بہترین سروسز فراہم کرنے کا خواہاں ہے، جس کے پیش نظر ٹنڈو آدم حیسکو ڈویژن میں کھلی کچہری کا جلد انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈو آدم کے بجلی صارفین با اخلاق اور اچھے شہری ہیں جو اپنا بجلی کا بل بروقت ادا کرتے ہیں، محکمہ ایسے صارفین کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا اور ان کے مسائل کو فوری حل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرمیوں کی آمد سے قبل ہر سب ڈویژن میں پانچ اضافی ٹرانسفارمر لگائے جائیں گے، تاکہ گرمیوں کے موسم میں بجلی کی ٹرپنگ کا معاملہ پیش نہ آئے۔ ٹنڈو آدم کی مین شاہراہوں پر قائم بجلی کے وہ پول جو تجاوزات کے زمرے میں آتے ہیں انہیں وہاں سے ہٹا دیا جائے گا، اس حوالے سے اسٹیشن روڈ پر کام جاری ہے۔