مشتبہ 13 ڈومیسائلوں کی تحقیقات جلد مکمل کی جائے گی، غلام عباس

236

بدین (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر بدین سید اعجاز علی شاہ کی ہدایات پر اے ڈی سی ون غلام عباس میمن اور ڈی او پلاننگ ڈیولپمنٹ ڈاکٹر علی نواز بھوت نے مبینہ جعلی ڈومیسائل کیخلاف ڈی سی آفس کے سامنے احتجاج کرنے والے طلبہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کرادیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی ون غلام عباس میمن نے طلبہ کو یقین دلایا کہ 7 دنوں کے اندر مذکورہ مشتبہ 13 ڈومیسائلوں کی تحقیقات جلد مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی ڈومیسائل جعلی ثابت ہوا تو اس کو رد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعلی ڈومیسائل کی روک تھام کے لیے جلد ڈپٹی کمشنر بدین آفس میں ون ونڈو سسٹم کے تحت ڈومیسائل اور پی آر سی فارم سی اور ڈی کمپیوٹرائز کیے جائیں گے، جس کے لیے درخواست دہندہ کو خود لازمی حاضر ہونا ہوگا۔ درخواست دہندہ کا فوٹو اور انگوٹھے کے نشانات لیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر بدین کی ہدایات پر ڈومیسائل اور پی آر سی فارم سی اور ڈی صرف ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری کیے جائیں گے جبکہ اس سے قبل درخواست دہندہ کی تحصیل سے جاری کیے جاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اے سی دفاتر صرف مطلوبہ کاغذات پورے کر کے ڈومیسائل اور پی آر سی فارم سی اور ڈی ڈپٹی کمشنر آفس بھیجیں گے جس کے بعد مکمل چھان بین اور دستاویز کا جائزہ لینے اور تصدیق کے بعد مقامی شہری کو ڈومیسائل جاری کیا جائے گا۔