عوامی منصوبوں کی تکمیل میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی،ڈی سی جامشورو

385

کوٹری (پ ر) ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفی نے کہا ہے کہ افسران محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات عمل میں لائیں۔ منچھر جھیل کو آلودگی سے بچانے اور مچھلیوں کی افزائش نسل بڑھانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ عوامی منصوبوں کی تکمیل میں غفلت ولاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سوشل ویلفیئر، ایگریکلچرل، فشریز، لائیو اسٹاک اینڈ ہسبنڈری، ایجوکیشن، صحت کے علاوہ سماجی تنظیموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی جامشورو نے محکمہ فشریز کے افسران سے استفار کیا کہ منچھر جھیل میں افزائش نسل کے لیے کتنے مچھلی کے دانے ڈالے گئے ہیں اور پروجیکٹ پر کتنا کام ہوچکا ہے، جس پر محکمہ فشریز کے افسر نے بتایا کہ منچھر جھیل میں افزائش نسل بڑھانے کے لیے ورلڈ بینک کے فنڈ سے سندھ حکومت نے 1 کروڑ 67 لاکھ مچھلی کے دانے ڈالے گئے ہیں اور مقامی ملاحوں کی موجودگی میں کام کیا گیا ہے جس پر ڈی سی جامشورو نے کہا کہ مچھلی کے دانے ڈالنے سے متعلق تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منچھر جھیل کو آلودگی سے بچانے کے لیے اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں، تاہم موجودہ صورتحال میں تمام مچھلیاں افزائش نہیں کرسکتی ہیں۔ منچھر جھیل کی بحالی اور مقامی ماہیگیروں کو سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمے داری ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات عمل میں لائیں۔ نیوٹریشن پلان پر مکمل عملدرآمد اور صحت تعلیم اور پانی کی سہولت مہیا کی جائے۔