سجاول،کھاد کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت ہے ،کاشتکار

544

سجاول(نمائندہ جسارت) ضلع بھرمیں کھاد کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کردیاگیاہے اور کاشتکار پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں ،سجاول ضلع بھرمیں کھاد کے ڈیلروں نے ریٹ ایک دم سے بڑھادیے ہیں، ڈیڑھ ماہ قبل سونا ڈی اے پی کھادکی فی بوری کی قیمت 33 سو روپے تھی ، لیکن اب یہ 46 سو روپے فی بوری میں فروخت ہورہی ہے ، این پی نائٹرو کی فی بوری کی قیمت 28 سو روپے سے بڑھاکر 33 سو روپے کردی گئی ہے ، جبکہ سونایوریاکی قیمت 16 سو روپے سے بڑھاکر ساڑھے 17 سو روپے کردی گئی ہے۔ کھاد کی اچانک قیمتوں میں اضافے سے کاشتکار شدید مالی مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔اس ضمن میں ضلع کے کاشتکار شوکت خان ،محمود شاہ ،منظور علی اور مشتاق خان لغاری و دیگر نے یوریا کھاد کی بڑے پیمانے پر قیمتوں کے بڑھنے پر شدید تشویش اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں کے دوران بڑی فصلیں کافی حد تک برباد ہوگئی تھیں لیکن کاشتکاروں کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دیا گیا مزید کھاد کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کرکے زرعی معیشت کو جان بوجھہ کر تباہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کھاد کی قیمتیں کم کرکے کاشتکاروں کے حالات پر رحم کیا جائے۔