ٹنڈوالٰہیارپولیس کی کارروائی، روپوش ملزم گرفتار،اسلحہ برآمد

215

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت) پیارو لونڈ پولیس کی مخبر کی اطلاع پر کارروائی، مختلف مقدمات میں مطلوب روپوش ملزم مقیم عرف سردار کھوسو گرفتار، اسلحہ برآمد ،پیارو لونڈ تھانہ پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او پیارو لونڈ محمد رحیم گوپانگ نے میڈ یا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورانِ گشت مخبر نے اطلاع دی کہ ضلع کشمور میں مختلف مقدمات میں ملوث اشتہاری ملزم تارو شاہ قبرستان میں موجود ہے۔اطلاع پر فوری طور پر اپنی ٹیم کے ہمراہ مذکورہ قبرستان میں کارروائی کرتے ہوئے جیکب آباد اور کندھکوٹ کشمور کے اشتہاری ملزم مقیم عرف سردار کھوسو ولد میرل عرف رہزن کھوسو کو گرفتار کرلیا گیا۔ جس کا تعلق گوٹھ غلام محمد تعلقہ کندھ کوٹ ضلع کشمور سے ہے۔ مذکورہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم مقیم کھوسو پر ضلع کشمور کے تھانہ بخش پور پر ڈ کیتی، اغوا برائے تاوان اور پولیس مقابلے کے دہشتگردی کے ایکٹ کے تحت 7 مقدمات درج ہیں۔ جبکہ جیکب آباد کے تھانہ آر ڈ ی 44 پر ایک کیس داخل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ملزم 8 سالوں سے روپوش تھا۔ ایس ایچ او پیارو لونڈ رحیم گوپانگ نے بتایا کہ مذکورہ ملزم سے ایک کلاشنکوف سمیت 30 گولیاں برآمد کرکے اس کا مقدمہ تھانہ پیارو لونڈ پر درج کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ملزم سے مزید تحقیقات کر رہے ہیں کہ اس کے خلاف سندھ کے کن کن شہروں میں اور کس نوعیت کے مقدمات درج ہیں یا نہیں۔