بجلی کی قیمتوں میں اضافہ صارفین کے گھروں پر بجلی گرگئی،عنایت اللہ

258

پشاور (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی وممبر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں 15 فیصد اضافہ کرکے کروڑوں صارفین کے گھروں پر بجلی گرا دی۔ بے حس حکمرانوں نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے احکامات پر سر تسلیم خم کیا ہے۔ ملک میں بجلی، گیس اور پیٹرول نایاب چیزیں بن گئیں، بجلی گھروں میں آتی نہیں، قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کے ذہنوں پر گرا دی جاتی ہے۔ آج پاکستان کو مدبرانہ قیادت کی اشد ضرورت ہے جو ملک و قوم کو مسائل کے گرداب سے نکال سکے۔ بدقسمتی سے ملک پر ایسے حکمران مسلط ہوچکے ہیں جن کو عوامی مسائل کی سمجھ بوجھ نہیں ہے۔ محب وطن قیادت کا فقدان بنیادی مسئلہ ہے اور اس خلا کو صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی پُر کرسکتی ہے۔ حکومتی کارکردگی کا شیرازہ بکھر چکا ہے، ادارے تباہ حال ہیں، مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، دہشت گردی اور کرپشن نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ صرف ڈھائی سال بعد ہی عوام تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے لیے بد دعائیں مانگ رہے ہیں۔ نام نہاد تبدیلی کا خمیازہ عوام نے بھگتا ہے۔ وہ مرکز اسلامی پشاور میں مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ عنایت اللہ خان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ غریب آدمی کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ نااہلوں کا ٹولہ ہے جو ملک پر قابض ہوگیا ہے۔ انہیں عوامی مسائل کا ٹھیک سے ادارک ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی وسائل سے استفادہ کرنے کے بجائے حکمران کشکول لے کر در در ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے کے بجائے خودکشی کو ترجیح دینے والوں نے آج ملک وقوم کو عالمی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔