عوام کو نقصان سے بچانے کیلیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں ، سلامت میمن

334

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر سلامت میمن نے کہا ہے کہ لوگوں کو نقصان سے بچانے کیلیے ہرممکن اقدامات کیے جائیںگے۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے تحصیل سندھڑی کے کچھ علاقوں میں رکے ہوئے برساتی پانی کی نکاسی کے سلسلے میںانتظامات کا جائزہ لینے کیلیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میںمتعلقہ افسران سمیت شرکا نے مفید مشورے دیے۔ اس موقع پرانہوں نے بتایاکہ تحصیل سندھڑی کی کچھ آبادی والی زمینوں میںاب تک پانی کھڑاہے جس سے کاشتکاروں کا بہت نقصان ہورہا ہے ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جن مقامات پر مشینوں کے ذریعے پانی نکالاجاسکتاہے وہاں مشینوںکے ذریعے پانی نکالاجائے۔ ڈپٹی کمشنر میرپورخاص نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سے رابطہ کرکے تحصیل سندھڑی کے کچھ پاکٹس میں رکے ہوئے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے گا اور ٹیکنیکل ٹیم کے مشورے کے بعد مطلوبہ مقامات پر کٹ لگا کر پانی کو راستہ دیا جائے گا۔ اجلاس میںاسسٹنٹ کمشنرزسمیت دیگر متعلقہ افراد نے بھی شرکت کی۔