اسرائیل نے قبۃ الصخرہ کی مرمت کا کام رکوادیا ، کشیدگی بڑھ گئی

618
مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی فوج نے چھاپا مار کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں کے راستے بند کر رکھے ہیں‘ فلسطینی نوجوان کو گرفتار کیا جا رہا ہے

 

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی پولیس کی جانب سے قبۃ الصخرہ کی مرمت کا کام رکوانے کے باعث کشیدگی بڑھنے لگ گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق صہیونی اہل کاروں نے بیت المقدس اسلامی وقف ادارے کے مزدوروں کو کئی روز سے کام کرنے سے روک رکھا ہے۔ بیت المقدس میں اردن وقف کے ڈائریکٹر عزام خطیب نے تل ابیب میں اردن کے سفیر غسان مجالی اور اردن کے وزیر وقف محمد خلایلہ کو اسرائیلی اقدامات کے باعث مسلمانوں کے جذبات سے آگاہ کردیا۔ بیان میں بتا یا گیا کہ صہیونی کارندے قبۃ الصخرہ میں بجلی کا کام ہونے نہیں دے رہے۔ اسی طرح وہاں سے بہنے والے پانی کی روک تھام سے بھی منع کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب رام اللہ کے جنوب میں صہیونی فوجیوں کی فائرنگ سے 2 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق صہیونی فوجیوں نے رام اللہ کے شمال میں دیر ابو مشعل گاؤں پر دھاوا بولا ،جس کے صہیونی فوجیوں اور مقامی نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں کے دوران 2نوجوان زخمی ہو گئے ۔ صہیونی فوجیوں نے گاؤں کا محاصرہ کرکے فلسطینیوں کی آمدو رفت پر پابندی لگادی۔ ادھر قابض فوج نے غزہ کی پٹی کی سرحد پر شمالی بیت لاہیا میں فلسطینی شہری کو گولی مار دی ، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق زخمی ہونے والے نوجوان کو غزہ میں انڈونیشی اسپتال منتقل کیا گیا ہے ، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے ۔ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی شہری پر گولیاں اس وقت چلائیں ، جب وہ شمالی بیت لاہیا میں اپنے کھیتوں میں ٹریکٹر سے ہل چلا رہا تھا۔