جنگی جرائم کی عالمی تحقیقات‘ اسرائیل نے امریکی مدد مانگ لی

374

 

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل نے نے عالمی فوج داری عدالت میںجنگی جرائم کی تحقیقات کے معاملے پر امریکا سے حفاظت فراہم کرنے اور کسی بھی ممکنہ سزا سے بچانے میں مدد کی اپیل کی ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق عبرانی اخبار اسرائیل ہیوم نے انکشاف کیا ہے کہ نیتن یاہو حکومت نے امریکا سے کہا ہے کہ وہ جنگی جرائم کی تحقیقات کرنے والی بین الاقوامی فوجداری عدالت کی تحقیقات سے اس کی حفاظت کرے۔ اخبار نے نشاندہی کی کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے بارے میں عوامی طور پر ان کے مؤقف کے اعلان کے ساتھ اسرائیل کو خدشہ ہے کہ عدالت اس کے خلاف اقدامات کو آگے بڑھانے سے دریغ نہیں کرے گی۔ اخبار کے مطابق اس سلسلے میں اسرائیل کی پہلی درخواست آنے والے ہفتوں کے دوران بین الاقوامی فوجداری عدالت کے آیندہ پراسیکیوٹر کے انتخاب سے متعلق ہے۔ اسرائیل امریکا کے ساتھ مل کر فوجی داری عدالت کے نئے پراسیکیوٹر جنرل کی تعیناتی پر اثر انداز ہونا اور اپنی مرضی کا امیدوار لانا چاہتا ہے۔