فرانس ایرانی جوہری معاملے پر امریکا سے تعاون کے لیے تیار

412

پیرس ؍ واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس کے صدر عمانویل ماکروں نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایرانی جوہری معاملے اور لبنان کی صورت حال کے حوالے سے امریکا کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے ۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ماکروں کا یہ موقف اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران سامنے آیا۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر نے ماکروں کے ساتھ نیٹو اتحاد اور یورپی یونین کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔ بائیڈن کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ فرانس کے ساتھ تعلق مضبوط بنانے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ واضح رہے کہ واشنگٹن ایک بار پھر ماحولیات سے متعلق پیرس سمجھوتے اور عالمی ادارہ صحت میں شامل ہو گیا ہے ۔ اس سے قبل 4 برس تک ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے سمجھوتے کا بائیکاٹ کر رکھا تھا۔ نئے امریکی صدر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار اپنے فرانسیسی ہم منصب سے بات چیت میں یورپی یونین اور نیٹو کے ساتھ رشتے مضبوط کرنے کے امریکی عزم کا اعادہ کیا ہے۔