نوجوان عمران خان کی تبدیلی سے مایوس ہوچکے ،عقیل خان

400
حیدرآباد، جے یو آئی یوتھ کے زیر اہتمام ’’یوتھ کنونشن‘‘ سے امیر جماعت اسلامی حیدرآباد عقیل احمد خان خطاب کررہے ہیں، اس موقع پر نائب امیر عبدالقیوم شیخ، قاری ارشد ہاشمی، یحییٰ شیخ اور صدر جے آئی یوتھ حیدرآباد راحیل قریشی بھی موجود ہیں

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوان عمران خان کی تبدیلی سے مایوس ہوچکے، جے آئی یوتھ ہراول دستہ بن کر جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایا داروں کا مقابلہ کرے گی، نوجوان متحد اور منظم ہوکر ملک میں حقیقی تبدیلی لائیں گے۔ جے آئی یوتھ لطیف آباد کے تحت AIRD لطیف آباد نمبر 6 میں ’’یوتھ کنونشن‘‘ امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان، نائب امیر عبدالقیوم شیخ، لطیف آباد زون اے کے امیرقاری ارشد ہاشمی، امیر جماعت اسلامی کوہسار یحییٰ شیخ اور صدر جے آئی یوتھ ضلع حیدرآباد راحیل قریشی کا یوتھ حیدر آباد نوجوانان سے خطاب۔ عقیل احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی جمہوری جماعت ہے۔ بڑی بڑی سیاسی جماعتیں جمہوریت کا نعرہ تو لگاتی ہیں لیکن ان کی اپنی پارٹیوں میں بھی جمہوریت نہیں ہے، نوجوان عمران خان کی تبدیلی سے مایوس ہوچکے ہیں۔جے آئی یوتھ جماعت اسلامی کا ہراول دستہ بن کرجاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کا مقابلہ کرے گی۔ نوجوان ملک و قوم کا مستقبل ہیں جماعت اسلامی نوجوانوں کو ان کا حق دلانے کی جدوجہد کر رہی ہے، نوجوانوں کا حق ہے کہ انہیں اچھی تعلیم، روزگار اور اقتدار کے ایوانوں میں پہنچنے کے مواقع ملیں۔ حیدرآباد سمیت پورے ملک میں نوجوانوں کو جماعت کے پرچم تلے متحد اور منظم کرکے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں ملک میں حقیقی تبدیلی لائیں گے۔ صدر جے آئی یوتھ ضلع حیدرآباد راحیل قریشی نے کہا کہ پاکستان کی یوتھ جماعت اسلامی کے ساتھ ہے نوجوان ملک میں شاندار اسلامی انقلاب کا ہراول دستہ بنیں گے۔جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جو صرف نعروں کی حد تک نہیں بلکہ عملی میدان میں بھی نوجوانوں کو اہمیت دیتی ہے، پاکستان کو علامہ اقبالؒ، قائداعظمؒ اور سید مودودیؒ کے خوابوں کی تعبیر خوشحال اسلامی پاکستان بنا کر دم لیں گے۔