حیدر آباد کے تاجر رہنما ریلوے حکام کا جھوٹ سامنے لے آئے

350

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم الدین قریشی نے کہا ہے کہ گرین لائن، سر سید، ملت اور پاکستان بزنس ایکسپریس ٹرینوں کی ویب سائٹ پر بکنگ کے بارے میں آجاتا ہے کہ کوئی سیٹ خالی نہیں ہے جبکہ
گاڑیاں خالی جاتی ہیں جس سے ریلوے کو روزانہ کروڑوں روپے کا نقصان کا سامنا ہے۔ اُنہوں نے وفاقی وزیر ریلوے سے سوال کیا کہ کیا اِن بڑی ملکی ایکسپریس گاڑیوں کو کوئی فیل کرنے کا منصوبہ تو نہیں بنایا گیا کہ نیٹ پر بڑی ریلوے ٹرینوں پر کوئی سیٹ خالی ظاہر نہیں کی جاتی لیکن ٹرین میں سفر کیا جاتا ہے تو ایک دو کمپارٹمنٹ کے علاوہ باقی سب کمپارٹمنٹ خالی پڑے ہوتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ریلوے کے اِس رویہ سے پتہ چلتا ہے کہ ریلوے حکام اِن بڑی اور آرام دہ گاڑیوں کو نقصان میں دکھا کر بند کرنا چاہتے ہیں۔ اُنہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وزیر ریلوے اعظم سواتی، گورنر سندھ عمران اسماعیل سے مطالبہ کیا کہ وہ اِس کی تحقیقات کرائیں کے آن لائن بکنگ کے لیے اِن گاڑیوں پر صفر سیٹ دکھائی جاتی ہیں جبکہ عملی طور پر گاڑیاں خالی چل رہی ہیں۔