قوم ان ہائوس تبدیلی سے متعلق پی ڈی ایم کا موقف جاننا چاہتی ہے ، اسد اللہ بھٹو

300
سکھر: جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو پریس کلب میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کررہے ہیں

 

سکھر(نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ، سابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت اپنے دعوؤ ں اور قوم سے کیے گئے وعدوں
کی پاسداری میں ناکامی کے بعد بر قرار ہنے کا جواز کھو بیٹھی ہے، جماعت اسلامی حکومت مخالف جماعتوں کی جانب سے ان ہاؤس تبدیلی سمیت دیگر بیانات کو مانیٹر کر رہی ہے، مولانا فضل الرحمن کو چاہیے کہ وہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ان ہاؤس تبدیلی کے بارے میں موقف سے قوم کو آگاہ کریں قوم اس حوالے سے پی ڈی ایم کا موقف جاننا چاہتی ہے ، موجودہ حکومت بھی معاشی پالیسیوں اور عوامی مسائل کے حل کے اعتبار سے پیشرو حکومتوںکا تسلسل ہے، سوائے مہنگائی بیروزگاری کے کچھ نہیں دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سکھر پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ان ہاؤس تبدیلی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ان ہاؤس تبدیلی ، حکومت میں آنا، آئینی طور پر رخصتی ، نئے انتخابات سب جمہوریت کا حصہ ہیں، ہم بیانات و اقدامات کومانیٹر کر رہے ہیں، دیکھنا چاہیں گے کہ جمہوریت کی بہتری کے لیے کیا راستے نکلتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کو دستور کے دائرہ کار اور اختیارات کے اندر کام کرنا چاہیے، سیاسی جماعتوں کو بھی خاندانی اور شخصیات کی سیاست کے بجائے دستور کے مطابق کام کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بھی اپنی پیشرو حکومتوں کی طرح قوم کو بری طرح مایوس کیا ہے، پی ڈی ایم میں ہر پارٹی اپنا فیصلہ خود کر رہی ہے، باہم عدم اتفاق کا شکار ہے، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن دونوںکا دور اقتدار عوام دیکھ چکے ہیں سوائے مایوسی کے کچھ نہیں دیا ، ان کی موجودہ جدو جہد کرپشن او ر مقدمات پر دباؤ کو ہٹانے تک محدود ہے،انہیںعوامی مسائل سے دلچسپی نہیں، جماعت اسلامی عوامی مفاد عامہ کے لیے حقیقی تبدیلی چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قوم کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے، موجودہ حکومت کا برقرار رہنا عوام کے مفاد میں نہیں۔