حکومت منتیں کر رہی ہے مگر اب مذاکرات نہیں ہوں گے مریم نواز

332

 

اسلام آ باد( خبر ایجنسیاں+مانیٹر نگ ڈ یسک) مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز کا دعویٰ ہے کہ حکومت اپوزیشن کی منتیں کررہی ہے لیکن اپوزیشن کوئی تعاون نہیں کرے گی،حکومتی وفد سے بات چیت کی تفصیل بتادی تو حیران رہ جائیں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں (ن) لیگ کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے بلاول کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی تجویز پر کہا کہ بات
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اجلاس میں سامنے آئے گی تودیکھیں گے،سینیٹ میں عدم اعتماد کی تحریک 2018 ء کے الیکشن کی طرح چوری ہوگئی تھی،حکومت اپوزیشن کے بجائے اپنے ارکان کی فکر کرے ، وقت آنے پر استعفے بھی دیں گے ، لانگ مارچ بھی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی منتیں کر رہی ہے،جو باتیں حکومتی لوگ اپوزیشن چیمبر میں آکر کر رہے ہیں بتادوں تو سب حیران ہوجائیں،اب اس حکومت کو ان شااللہ کوئی این آر او نہیں ملے گا، عوام کے اندر آگاہی حکومت کی کارکردگی سے آتی ہے اور کارکردگی آپ کے سامنے ہے،ہر روز مہنگائی کا ایک طوفان آتا ہے، میڈیا کو بھی پریشر میں رکھا گیا ہے، پاکستان کے 73برس میں جو ناکامی نہیں ہوئی وہ ان ڈھائی برس میں پاکستان کی تنزلی کا جو سفر طے ہوا ہے اس کے لیے کسی آگاہی کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے سختی سے منع کیا ہے ، حکومت اپنے پروڈکشن آرڈر اپنے پاس ہی رکھے۔ارکان کی وفاداری بدلنے کی مبینہ حکومتی کوششوں سے متعلق سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کے ارکان سے جتنے بھی رابطے کریں انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا، (ن)لیگ محفوظ ہے،( ن) لیگ کے ٹکٹ کے لیے پورا پاکستان درخواست دے گا اور ان کے ٹکٹ کے لیے کوئی اپلائی نہیں کرے گا۔