پاکستان امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کا منتظر ہے، معید یوسف

232

اسلام آباد ( آن لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی پی آر آئی) اور انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ برائے اسٹریٹجک اسٹڈیز (آئی آئی ایس ایس) کے زیر اہتمام ’’بائیڈن انتظامیہ اور پاکستان‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کا منتظر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی امریکی انتظامیہ کا اب ایک ایسی
دنیا سے سامنا ہے جو پوری طرح سے تبدیل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پہلے سے بہت زیادہ مختلف ہے۔آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان کا وژن معاشی تحفظ ، راہداری اور ترقیاتی شراکت داری کا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم معاشی شراکت داری، آب و ہوا کی تبدیلی ، عالمی صحت ، افغانستان میں باہمی سرمایہ کاری ، علاقائی امن وغیرہ کے بارے میں بات کرنا چاہتے ہیں۔ نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ ایماندارانہ بات چیت کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان اور امریکا مل کر کیا کرسکتے ہیں اور کیا نہیں کیا جاسکتا۔ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان کی اولین ترجیح اقتصادی شراکت ہے جبکہ دوسری ترجیحات میں عالمی چیلنجوں سے نمٹنا، سیکورٹی شراکت داری کو باضابطہ بنانا اور علاقائی امن کو یقینی بنانا شامل ہیں۔