جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان نے اپنی سرزمین پر صرف ایک ٹیسٹ جیتا ہے

266

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں آج سے شروع ہوگا۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ابھی تک پاکستان میں جو 7ٹیسٹ میچ کھیلے گئے ہیں اس میں پاکستان نے ایک اور جنوبی افریقا نے2 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں کے درمیان4ٹیسٹ برابررہے ہیں۔
کل ملاکر پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان جو26 ٹیسٹ کھیلے گئے ہیں اس میں جنوبی افریقا نے15 اور پاکستان نے4 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں کے درمیان 7ٹیسٹ بغیر کسی فیصلہ کے ختم ہوئے ۔
جنوبی افریقاکا پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ اسکور135 اوورز میں 7 وکٹوں پر 620 رنز ہے جو اس نے کیپ ٹائون میں2002-03 میں بنایا تھا۔ پاکستان کا جنوبی افریقا کے خلاف سب سے زیادہ اسکور456 رنز ہے جو اس نے راولپنڈی میں1997-98 میں162.5 اوورز میں بنایا تھا۔
جنوبی افریقا کا پاکستان کے خلاف سب سے کم اسکور40 اوور زمیں 124 رنز ہے جو اس نے پورٹ الزبتھ میں 2006-07 میں بنایا تھا۔ پاکستان کا جنوبی افریقاکے خلاف سب سے کم اسکور49 رنز ہے جو اس نے جو ہانسبرگ میں2012-13 میں29.1 اوورز میں بنایا تھا۔
ابراہم ڈی ویلیرز نے ابوظبی میں2010-11 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں601 منٹس میں418 گیندوںپر23 چوکوں اور6 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر278 رنز بنائے تھے جو جنوبی افریقا کے لئے پاکستان کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ یہ ابراہم ڈی ویلیرز کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور بھی ہے۔ پاکستان کے لئے جنوبی افریقاکے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور کرنے کا اعزازخرم منظور کے پاس ہے جنہوں نے ابوظبی میں 2013-14 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں 384 منٹس میں266 گیندوں پر15 چوکوں کی مدد سے 146 رنز بنائے تھے ۔
جنوبی افریقا کے لئے پاکستان کے خلاف ایک اننگ میں سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ کائل ایبٹ کے پاس ہے جنہوں نے سنچورین میں2012-13 میں11.4اوور زمیں29 رنز دیکر7 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ مشتاق احمد نے ڈربن میں1997-98 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں37 اوورز میں78 رنز دیکر6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جو پاکستان کی جانب سے جنوبی افریقا کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔
جنوبی افریقا کے لئے پاکستان کے خلاف ایک ٹیسٹ میں سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ ڈیل اسٹین کے پاس ہے جنہوں نے جو ہانسبرگ میں2012-13 میں36.5اوورز میں60 رنز دیکر11کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ وقار یونس نے پورٹ الزبتھ میں1997-98 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں40.4 اوورز میں133 رنز دیکر10 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جو پاکستان کی جانب سے جنوبی افریقا کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔
(سید پرویز قیصر/فیصل فیچرز)