ـ14 سال بعدنیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاک جنوبی افریقا مدمقابل

321

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان اور جنوبی افریقاکے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج سے کراچی کے تاریخی گرائونڈ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ 27 واں موقع ہوگا جب دونوں ممالک کی ٹیمیں طویل طرز کی کرکٹ میں مدمقابل آئیں گی۔ ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی ہے ، دونوں کپتانوں نے ٹرافی کے ہمراہ فوٹو سیشن کیا۔ بابراعظم اورکوئنٹن ڈی کوک سیریز جیتنے کیلئے پرامید ہیں، بڑے مقابلے سے قبل تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی،نیشنل اسٹیڈیم کراچی،ایئر پورٹ،روٹ،پریکٹس گرائونڈز،ہوٹلز اور دیگر مقاما ت پر5ہزارسیکیورٹی اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں،پہلے ٹیسٹ سے قبل دونوں ٹیموں کی بھرپور ٹریننگ کی ،قومی ٹیم نے بیٹنگ ،بائولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔دونوں ٹیمیں 19 جنوری 1995 کو پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ کھیلنے جوہانسبرگ کے میدان پر اتری تھیں،جہاں فتح حاصل کرنے والی میزبان ٹیم کا پاکستان کے خلاف ٹیسٹ ریکارڈ اب بھی بہترین ہے۔ اب تک کھیلے گئے 26 میچوںمیں سے 4مقابلوں میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ 7 میچز ڈرا ہوئے۔ 15 میچوں میں جنوبی افریقانے فتح سمیٹی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ جنوری 2019میں جنوبی افریقا کے سپر اسپورٹس کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا جہاں فتح میزبان ٹیم کے حصے میں آئی۔ اس سے قبل پاکستان اپنی سرزمین پر کل 7 ٹیسٹ میچوں میں جنوبی افریقا کی میزبانی کرچکا ہے جہاں ایک میں اسے فتح اور 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 4 میچ ڈرا ہوگئے۔ دونوں ٹیموں کے مابین نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں (2007) میں کھیلا گیا واحد ٹیسٹ میچ جنوبی افریقا نے جیتا تھا۔دونوں ٹیموں کے کپتان جیت کے لیے پرعزم، کھلاڑیوں نے پریکٹس اور فٹنس سیشنز میں بھرپور تیار کرلی، پویلین میں شائقین کی غیر موجودگی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا جارہا ہے۔ مہمان ٹیم کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک کاپاکستان کے خلاف ریکارڈ موجودہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں سب سے بہتر ہے۔انہوں نے پاکستان کے خلاف اب تک کھیلے گئے 3 ٹیسٹ میچوں میں 62.75 کی اوسط سے 251 رنز بنارکھے ہیں۔ سابق کپتان فاف ڈوپلیسی میزبان ٹیم کے خلاف 7 ٹیسٹ میچوں میں شرکت کرچکے ہیں، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے بھرپور پریکٹس سیشن اور ٹریننگ کی ہے۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل یہ دونوں ٹیسٹ میچز پاکستان کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں،اگر پاکستان کرکٹ ٹیم دونوں میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے تو وہ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ، کپتان بابراعظم اور دیگر کا خیال ہے کہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی بہترین نتائج دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔جنوبی افریقا کے ہیڈ کوچ مارک باچر کاکہناہے کہ پاکستان آسان حریف نہیں، انہیں ہوم گرائونڈ پر شکست دینے کے لئے بھرپور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل اعلان کردہ 17 رکنی کھلاڑیوں میں میچ شروع ہونے سے قبل ٹیم مینجمنٹ ممکنہ پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دے گی۔ ذرائع کے مطابق پچ دیکھ کر ٹاس جیتنے پر کپتان پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرینگے۔