جنوبی افریقا کے خلاف جیت کا انحصار پچ پر ہوگا، شعیب اختر

359

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ آج سے شروع ہونے والی 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقا کے خلاف پاکستانی ٹیم کی جیت کا انحصار میزبان کے لئے تیار کردہ وکٹوں پر ہوگا، جنوبی افریقا کی ٹیم نے14 سال بعد پاکستان کا دورہ کیا ہے جو پوری قوم کے لئے خوشخبری ہے۔ میرے خیال میں پاکستان کے سیریز جیتنے کے امکانات ٹیم اور پچ کی تیاری پر منحصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستان فلیٹ وکٹیں نہیں بنائے گا کیونکہ اس کے نتیجے میں 500 رنزسے زیادہ اسکور اور ڈرا میچ ہوں گے ، جسے ہم نہیں دیکھنا چاہتے۔شعیب اختر نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ اسپنرز سیریز میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ہم 2,3 اسپنرز رکھ سکتے ہیں کیونکہ وہ جنوبی افریقا کی ٹیم کے خلاف فائدہ مند ثابت ہوں گے لیکن ہیڈ کوچ مصباح الحق اور ٹیم انتظامیہ کو یہی فیصلہ کرنا ہے، ٹیم مینجمنٹ کے لئے یہ ایک انتہائی اہم سیریز ہوگی۔
آپ کو دیکھنا ہوگا کہ آپ ہوم سیریز سے کس طرح فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیریز میں ٹاس بھی بہت اہم ہوگا۔شعیب اختر نے کہا کہ ان کی نیک خواہشات پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہیں کہ وہ سیریز جیتنے، جنوبی افریقا ایک مضبوط ٹیم ہے۔اگر فلیٹ وکٹیں بن جاتی ہیں تو پھر ٹیسٹ ڈرا ہونے کا امکان ہے۔2 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔