آگ سے بچائو کی صنعت کو ٹیکس فری قرار دیا جائے،ایف پی آئی پی

275

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملک میں آگ سے بچائو کی صنعت نے اپنے تحفظ اور صنعت کو فروغ دینے کے لیے اپنی نمائند تنظیم فائر پروٹیکشن انڈسڑی ان پاکستان قائم کردی اس کی بنیاد گذشتہ روز پاکستان انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں منعقدہ تقریب میں رکھی گئی۔اس موقع پر بانی و صدر ایف پی آئی پی عمران تاج، سول ڈیفنس کے عارف معین، سابق کمانڈنٹ سرفراز جعفری، ایچ ایس ای ایکسپرٹ محرم علی، اسد اللہ، ایاز خان، سعید جدون، کیپٹن مجاہد، صدر نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ اہینڈ ہیلھ محمد نعیم قریشی، رضوان جعفر، ندیم اشرف، پی آئی ایم کے عابد، سردار شوکت و دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ایسوسی ایشن کے بانی و صدر عمران تاج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آگ سے بچائو کی کوئی نمائندہ تنظیم موجود نہیں تھی اب اس تنظیم کے قیام کے بعد صنعت کی تعمیر و ترقی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور مسائل کے حل کے لیے تمام شراکت داروں اور حکومت سے بات چیت بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی آئی پی صنعت کے تمام شعبوں جس میں مینوفیکچررز، سپلائرز، سروس فراہم کرنے والے، ٹرینرز و دیگر کی نمائندگی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ایف پی آئی پی تمام کمپنیوں اور اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے صنعتوں میں آگ سے بچائو کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی تلقین بھی کرے گی تاکہ بڑی صنعتوں میں آگ لگنے کے واقعات پر قابو پایا جا سکے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آگ سے بچائو کی صنعت کو ٹیکس فری کا درجہ دیا جائے تاکہ تمام اداروں میں کم قیمت پر آگ سے بچائو کے اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔