قبرستانوں کیلیے 60 ایکڑ اراضی مختص کردی‘ ایڈمنسٹریٹر

347

کراچی (اے پی پی) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ شہر میں نئے قبرستان قائم کرنے کے لیے 60 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے جس سے شہریوں کو اپنے عزیز و اقارب کی تدفین کے لیے مزید جگہ دستیاب ہوگی، قبرستان مافیا سے نجات حاصل کرنے کے لیے مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دے رہے ہیں، سماجی و رفاہی ادارے ماڈل قبرستانوں کے قیام میں تعاون کیلیے تیار ہیں، شہر میں موجودہ اور نئے قبرستانوں کو ہر قسم کی تجاوزات اور بے ضابطگی سے محفوظ رکھنے کے لیے جو بھی قدم اٹھانا پڑا ضرور اٹھائیں گے۔ یہ بات انہوں نے حکومت سندھ کے محکمہ استعمال اراضی کی جانب سے ضلع غربی کراچی کے دیہہ مواچھ اور دیہہ ماڑی پور میں دو نئے قبرستانوں کے لیے 55 ایکڑ اور 5 ایکڑ اراضی مختص کرنے کے اقدام کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ قبرستانوں کے لیے مختص کی جانے والی یہ اراضی کسی دوسرے مقصد کے لیے استعمال نہیں ہوسکے گی اور ان جگہوں کو محکمہ بلدیات مقامی سطح پر شہریوں کو اپنے عزیز و اقارب کی تدفین کی سہولت فراہم کرنے کے لیے استعمال میں لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیہہ مواچھ اوردیہہ ماڑی پور میں ان قبرستانوں کی دیکھ بھال، تجاوزات کی روک تھام کا بندو بست اور قبروں کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا کسی کو من مانی اور غلط کام کرنے کا موقع نہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے الاٹمنٹ اینڈ ریزرویشن کمیٹی کی سفارشات پر کراچی میں نئے قبرستانوں کے قیام کی منظوری دی تھی جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔